کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے یومِ اقبال کے موقع پر شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے افکار آج بھی عدل، مساوات، خود اعتمادی اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتے ہیں۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے علامہ اقبال کے شعر ’’ہو میرا کام غریبوں کی حمایت کرنا‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ شعر ان کے فکری فلسفے اور سماجی ذمہ داری کے تصور کی عکاسی کرتا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ علامہ اقبال نے محروم اور کمزور طبقات کی حمایت کو بامقصد زندگی کا اہم اصول قرار دیا۔ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ غریب اور محروم شہریوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرے اور ان کی باعزت زندگی کو یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا تصورِ پاکستان ایک ایسے معاشرے کی تشکیل پر مبنی تھا جہاں انصاف، مساوات، بھائی چارے اور انسانی وقار کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ یومِ اقبال ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ شاعرِ مشرق کے افکار کو صرف تقریبات اور تقاریر تک محدود رکھنے کے بجائے قومی پالیسیوں اور عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے۔
میر سرفراز بگٹی نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ علامہ اقبال کے فلسفۂ خودی، خود اعتمادی، بلند حوصلے اور مسلسل جدوجہد کو اپنائے اور اپنی صلاحیتوں کو معاشرے کی بہتری کے لیے استعمال کرے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا پیغام محض فکری رہنمائی نہیں بلکہ عمل، انسانیت کی خدمت اور ایک منصفانہ معاشرے کی تشکیل کا درس بھی دیتا ہے۔