کوئٹہ: بلوچستان پولیس اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے درمیان جدید ڈیجیٹل شناختی اور بائیومیٹرک خدمات کی فراہمی کے لیے اہم معاہدہ طے پاگیا، جس کے تحت شہریوں کی شناخت کی تصدیق اور جرائم کی تفتیش میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔
معاہدے پر جمعہ کو سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں دستخط کیے گئے۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر، ڈی جی نادرا سہیل جہانگیر، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر، ایڈیشنل آئی جی ایڈمن جاوید مہر، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز و اسپیشل برانچ طاہر علاؤالدین، ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن وزیر خان ناصر اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔
معاہدے کے تحت نادرا، بلوچستان پولیس کو جدید ملٹی بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم (MBVS)، نادرا فارنزک ایکوزیشن ایپلی کیشن (NFAA) اور پاک آئی ڈی انٹرپرائز یوزر کی سہولیات فراہم کرے گا۔
پولیس خدمت مراکز میں شہریوں کی ڈیجیٹل شناخت کی تصدیق
نئے نظام کے تحت پولیس خدمت مراکز کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے شہریوں کی بائیومیٹرک تصدیق، شناختی کارڈز اور دیگر ڈیجیٹل شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال ممکن ہوگی۔
اس سہولت سے شناخت کی تصدیق کا عمل زیادہ مؤثر اور مستند بنانے کے ساتھ شہریوں کو فراہم کی جانے والی پولیس خدمات میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔
جرائم کی تفتیش میں فنگر پرنٹس اور چہرے کی شناخت کا استعمال
معاہدے کے مطابق نادرا فارنزک ایکوزیشن ایپلی کیشن کے ذریعے فنگر پرنٹس اور چہرے کی شناخت کی بنیاد پر جدید فارنزک میچنگ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
اس نظام کے نتائج محفوظ رابطے کے ذریعے سینٹرل پولیس آفس کوئٹہ میں قائم مخصوص پورٹل پر دستیاب ہوں گے، جن تک مجاز پولیس اہلکار رسائی حاصل کرسکیں گے۔
حکام کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے جرائم کی تفتیش، مشتبہ افراد کی شناخت اور پولیس کی عملی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
معاہدے میں شہریوں کے ذاتی کوائف کے تحفظ، رازداری اور معلومات کے صرف مجاز استعمال کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ سیکیورٹی ضوابط کی پابندی بھی شامل کی گئی ہے۔
بلوچستان پولیس اور نادرا کے درمیان اس تعاون کا مقصد صوبے میں ڈیجیٹل پولیسنگ کو فروغ دینا، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تفتیشی نظام کو بہتر بنانا اور عوام کو زیادہ مؤثر پولیس خدمات فراہم کرنا ہے۔