کوئٹہ : وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت ہی اصل خدمت ہے، کسی ضرورت مند اور مشکل میں گھرے شہری کے چہرے پر مسکراہٹ لانا میرے لیے سب سے بڑا اطمینان ہے۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو مشکلات میں تنہا نہ چھوڑے اور انہیں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بینائی سے محروم کوئٹہ کے شہری محمد زاہد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیر اعلیٰ نے محمد زاہد کی مالی معاونت کی اور ان کی آنکھوں کے علاج اور بینائی کی بحالی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ ان کے غریب اور بے روزگار دوست جان محمد کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لیے رکشہ بھی تحفے میں دیا۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محمد زاہد کی آنکھوں کے علاج کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی اور اگر ان کا علاج لندن، امریکہ، دبئی یا دنیا کے کسی بھی ملک میں ممکن ہوا تو حکومت اس ضمن میں مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی مستحق شہری کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، معذوری کسی انسان کی صلاحیتوں اور عزت نفس میں کمی کا باعث نہیں بنتی، ایسے افراد کو باعزت زندگی اور خودمختار روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان کا کوئی مستحق شہری علاج، روزگار اور بنیادی سہولیات سے محروم نہ رہے۔ انسانیت کی خدمت ہمارا نصب العین ہے اور عوام کی مشکلات کا ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر محمد زاہد نے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ عوام کے دکھ درد کو سمجھنے اور مشکل وقت میں ان کا ساتھ دینے والے متحرک وزیر اعلیٰ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اس سے قبل بھی ان کے علاج کے لیے 10 لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کی اور روزگار کے حصول میں مدد کی۔ محمد زاہد کے مطابق وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہمیشہ ان کی مشکلات کو سمجھا اور انہیں کبھی خالی ہاتھ واپس نہیں بھیجا۔ محمد زاہد اور ان کے دوست جان محمد نے مالی معاونت، علاج کے لیے مکمل تعاون اور روزگار کے لیے رکشہ فراہم کرنے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔