کوئٹہ: بلوچستان کے 9 شہروں میں سیف سٹی منصوبوں کے مؤثر نفاذ اور بروقت تکمیل کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے درمیان منصوبوں کی تکمیل کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق ہوگیا۔
طے پانے والے اتفاق کے تحت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی بلوچستان کو تکنیکی معاونت، عملے کی تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے لیے تعاون فراہم کرے گی تاکہ صوبے میں سیف سٹی منصوبوں کو جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جاسکے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو منصوبوں پر کام تیز کرنے اور مقررہ مدت کے اندر تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم کی روک تھام، مؤثر نگرانی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نگرانی کی صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔