لاہور: رائیونڈ میں سالانہ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ شروع ہوگیا، جس کے لیے لاہور پولیس نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرتے ہوئے 3 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کردیے ہیں۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق اجتماع کے سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے 3 ایس پیز، 10 ڈی ایس پیز، 37 ایس ایچ اوز اور 214 دیگر افسران ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔
اجتماع میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایک ہزار سے زائد ٹریفک پولیس افسران اور اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق شرکا کی رہنمائی اور سہولت کے لیے 14 مختلف مقامات پر پولیس کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ اجتماع کے پنڈال میں داخلے کے لیے 3 راستے مختص کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی چیکنگ کے لیے 27 ناکے بھی قائم کیے گئے ہیں۔
رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ 5 نومبر سے 8 نومبر تک جاری رہے گا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ اجتماع کے شرکا کی حفاظت کے لیے جامع سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اجتماع کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور تمام داخلی راستوں پر آنے والے افراد کی مؤثر چیکنگ یقینی بنائیں۔
سی سی پی او لاہور نے ٹریفک پولیس کو پارکنگ اور ٹریفک کی روانی کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔
بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا کہ سیکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ڈیوٹی پوائنٹس پر پولیس افسران و اہلکار مکمل طور پر چوکس رہیں گے۔