مواد پر جائیں

کوئٹہ 13°C فجر 5:27 ظہر 12:16 عصر 4:06 مغرب 5:43 عشاء 7:04
آج کا ای پیپر ⁦3⁩ نومبر ⁦2026⁩ پڑھیں
بلوچستان

کوئٹہ میں خواتین کی دو روزہ کاروباری نمائش اختتام پذیر، 100 سے زائد اسٹالز قائم

خواتین کی تیار کردہ مصنوعات اور دستکاری کی نمائش، کاروباری مواقع بڑھانے اور ملکی معیشت میں خواتین کے کردار کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی

کوئٹہ: ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے زیر اہتمام حکومت بلوچستان، ضلعی انتظامیہ کوئٹہ اور بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ کاروباری نمائش ’’ویکسنیٹ (WEXNET)‘‘ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی، جس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والی خواتین کاروباری شخصیات، صنعت کاروں، ہنرمند خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔

کوئٹہ میں خواتین کی دو روزہ کاروباری نمائش اختتام پذیر، 100 سے زائد اسٹالز قائم

نمائش میں 100 سے زائد اسٹالز قائم کیے گئے، جن میں خواتین کی تیار کردہ مصنوعات، دستکاری، مقامی ہنر، کاروباری مصنوعات اور مختلف تجارتی شعبوں سے متعلق اشیاء کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ اس موقع پر خواتین کو اپنی کاروباری صلاحیتوں کے اظہار، مصنوعات کی تشہیر، تجارتی روابط کے فروغ اور نئی کاروباری راہیں تلاش کرنے کے مواقع فراہم کیے گئے۔

تقریب میں حکومت بلوچستان اور وفاقی حکومت کے نمائندگان، متعلقہ محکموں کے افسران، کاروباری شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے نمائش میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے خواتین کی کاروباری سرگرمیوں، تخلیقی صلاحیتوں اور محنت کو سراہا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے نمائش کا تفصیلی دورہ کیا اور تمام اسٹالز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مختلف اسٹالز پر موجود خواتین کاروباری شخصیات اور نمائش کنندگان سے ملاقاتیں کیں، ان کی تیار کردہ مصنوعات، کاروباری سرگرمیوں اور درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے خواتین کی محنت، صلاحیتوں اور کاروباری جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ایسی نمائشیں خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، کاروبار کو وسعت دینے اور ملکی معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے نمائش کے مختلف حصوں کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامی امور اور شرکاء کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔

نمائش کے انعقاد کے دوران ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے مسلسل نگرانی اور مؤثر انتظامی اقدامات یقینی بنائے گئے۔ پروگرام کے تمام تر سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، انتظامی اور دیگر ضروری انتظامات ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے مکمل کیے گئے، تاکہ شرکاء، مہمانوں اور نمائش کنندگان کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ کی مسلسل نگرانی، متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے باعث پروگرام خوش اسلوبی سے جاری رہا اور کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

ہوا۔

ویکسنیٹ (WEXNET) نمائش خواتین کو بااختیار بنانے، ان کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، مقامی مصنوعات کی تشہیر اور ملکی سطح پر تجارتی روابط کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوئی۔