لاہور: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے ہیڈکوارٹرز کی بیرونی دیوار سے نگرانی کے لیے استعمال ہونے والا ڈرون ٹکرا کر گر گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شب ساڑھے بارہ بجے پیش آیا۔ ڈرون جلو موڑ کی سمت سے عمارت کے قریب پہنچا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے ہیڈکوارٹرز کے اندرونی حصوں کی ریکی کی جارہی تھی۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے ڈرون قبضے میں لے لیا۔ اس وقت اس سے منسلک کیمرے اور بیٹری کی روشنیاں کام کررہی تھیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے معائنہ کرکے کلیئرنس دے دی۔
پولیس نے الزام عائد کیا کہ نامعلوم افراد نے دہشت گردی کی نیت سے ڈرون بھیجا تھا۔ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز کی سیکیورٹی کی جانب سے قانونی کارروائی کے لیے تھانہ ہربنس پورہ میں درخواست جمع کرادی گئی ہے۔