پاک فوج کے ترجمان لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ افغان طالبان حکومت بھارت کی پراکسی کے طور پر کام کررہی ہے اور اپنے مقاصد کے لیے کرائے کے جنگجو استعمال کرتی ہے۔
رائٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت پر پاکستان میں دہشت گردی کی سرپرستی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کو بھی بھارتی پراکسی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں القاعدہ، جیش العدل اور آئی ایس کے پی سمیت مختلف دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ طالبان نے نورولی، بشیر زیب اور گل بہادر کو پناہ دے رکھی ہے اور پاکستان میں حملوں کے لیے اسلحہ بھی افغان سرزمین سے فراہم ہوتا ہے۔
لیفٹننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان کا مطالبہ ہے کہ طالبان دہشت گردوں کی حمایت روکیں، بصورت دیگر انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ طالبان کو ذمہ دارانہ ریاستی رویہ اپنانے اور منشیات کی پیداوار روکنے پر آمادہ کرے۔ ان کے مطابق پاکستانی افواج افغان جانب سے ڈرونز سمیت ہر نوعیت کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔