مواد پر جائیں

کوئٹہ 17°C فجر 5:25 ظہر 12:16 عصر 4:08 مغرب 5:45 عشاء 7:06
آج کا ای پیپر ⁦28⁩ اکتوبر ⁦2026⁩ پڑھیں
پاکستان

صدر آصف علی زرداری کو برلن میں گارڈ آف آنر، جرمن صدر سے ملاقات

جرمن صدر شٹائن مائر نے برلن میں خیرمقدم کیا، دونوں صدور کی ملاقات میں تجارت، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر گفتگو

برلن: صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں جرمن وزارتِ دفاع میں استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جہاں جرمنی کے صدر فرینک والٹر شٹائن مائر نے ان کا استقبال کیا۔
تقریب میں پاکستان اور جرمنی کے قومی ترانے بجائے گئے۔ جرمن مسلح افواج کے دستے نے صدر زرداری کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جس کے بعد انہوں نے دستے کا معائنہ کیا۔ دونوں صدور نے اپنے وفود کا تعارف بھی کرایا۔
صدر زرداری جرمن ہم منصب کی دعوت پر 22 سے 24 اکتوبر تک جرمنی کے سرکاری دورے پر ہیں۔
استقبالیہ تقریب کے بعد دونوں صدور کی ملاقات ہوئی، جس میں سیاسی، معاشی اور دفاعی تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔ صدر زرداری نے تجارت، نئی ٹیکنالوجی، ہنرمندی کی تربیت اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ صحت، تعلیم، زراعت، صنعت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینا چاہتا ہے۔
جرمن صدر نے بھی کاروبار، تعلیم اور ٹیکنالوجی میں روابط بڑھانے کی امید ظاہر کی۔ صدر زرداری نے انہیں پاکستان کے دورے کی دعوت دی، جس پر انہوں نے مناسب وقت پر دورے پر غور کرنے کا کہا۔
دونوں رہنماؤں کی علیحدہ ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔
یہ دورہ ایسے موقع پر ہورہا ہے جب پاکستان اور جرمنی سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق 23 برس بعد کسی پاکستانی سربراہِ مملکت کا یہ پہلا دورۂ جرمنی ہے۔

صدر آصف علی زرداری کو برلن میں گارڈ آف آنر، جرمن صدر سے ملاقات