خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بڑی کارروائیاں، 11 دہشت گرد ہلاک
جنوبی وزیرستان میں 5 جبکہ ماشکیل میں 6 دہشت گرد مارے گئے، سیکیورٹی ذرائع کا اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ
اسلام آباد: خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیاں عزمِ استحکام وژن اور آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کی گئیں، جن میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج سے وابستہ 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا اور ان کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے گورندر، ماشکیل میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
متعلقہ پوسٹس
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے ماشکیل میں ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے تعاقب کرتے ہوئے انہیں ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
