ایف بی آر کا بڑا سرپرائز،تاجروں کے لیے تاریخی خوشخبری
کراچی (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے شہر قائد کے تاجروں اور دکانداروں کے لیے ایک بہت بڑے ریلیف کا اعلان کر دیا ہے جس کے تحت اب ایف بی آر کا کوئی بھی اہلکار دکانوں میں داخل ہو کر ہراساں نہیں کر سکے گا۔ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے تاجر برادری کی سہولت کے لیے “آسان ٹیکس اسکیم” کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے اس تاریخی قدم کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ اس آسان ٹیکس اسکیم کا بنیادی مقصد ملک میں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور تاجروں کو اعتماد دینا ہے۔ اس اسکیم کے تحت دکانداروں کو اپنی سالانہ فروخت شدہ مال پر صرف ایک فیصد (1%) ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ ٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ ہونے والے تمام دکانداروں کو ایف بی آر کی جانب سے ایک خاص “سبز رنگ کی رجسٹریشن پلیٹ” جاری کی جائے گی۔
حکومت کی اس نئی پالیسی کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ جس دکان پر یہ سبز رجسٹریشن پلیٹ نصب ہوگی، وہاں ایف بی آر کا کوئی بھی عملہ یا افسر پوچھ گچھ یا تفتیش کے لیے داخل ہونے کا مجاز نہیں ہوگا۔ اس کے علاوہ اس اسکیم سے منسلک ہونے والے تاجروں کو عمومی طور پر آڈٹ کی پیچیدگیوں سے بھی بچایا جائے گا اور ان پر ود ہولڈنگ ایجنٹ بننے کی پابندی بھی نہیں ہوگی۔
بلال اظہر کیانی نے مزید بتایا کہ تاجروں اور حکومت کے درمیان مسلسل رابطے اور مسائل کے فوری حل کے لیے ایف بی آر اور تاجر نمائندوں کے فوکل پرسنز مقرر کر دیے گئے ہیں، جبکہ ایف بی آر کے اعلیٰ حکام ہر ماہ باقاعدگی سے ایک ہفتہ کراچی میں قیام کر کے تاجروں کے مسائل سنیں گے۔