قلات کے تاجروں کے لیے بڑی خوشخبری، کاروبار کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری
ایس ایس پی قلات سید زاہد حسین شاہ نے اعلان کیا ہے کہ قلات میں جاری لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا ہے اور فی الحال دوبارہ لاک ڈاؤن کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ایس ایس پی قلات نے تاجر برادری کو ہدایت کی کہ وہ معمول کے مطابق اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر لاک ڈاؤن ختم کیا گیا ہے، تاہم مستقبل میں اگر دوبارہ لاک ڈاؤن کی ضرورت پیش آئی تو شہریوں اور تاجروں کو پیشگی آگاہ کیا جائے گا۔
سید زاہد حسین شاہ نے کہا کہ پولیس امن و امان کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے گزشتہ لاک ڈاؤن کے دوران قلات کے عوام کی جانب سے پولیس کے ساتھ تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں نے حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے پولیس سے بھرپور تعاون کیا، جس پر قلات پولیس عوام کی شکر گزار ہے۔
ایس ایس پی نے شہریوں اور تاجر برادری سے اپیل کی کہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھیں۔