بجلی کے بلوں کے نام پر عوام کی جیبوں پر بڑا ڈاکا! ایف بی آر کا 476 ارب روپے وصول کرنے کا اعتراف
بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان عوام پر ٹیکسوں کے بوجھ سے متعلق ایک اور سنسنی خیز انکشاف سامنے آیا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) نے شہریوں کے بجلی کے بلوں سے مختلف ٹیکسوں کی مد میں 476 ارب روپے سے زائد کی رقم وصول کی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں پیش کی گئی ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق، اکٹھی کی گئی رقم میں 351 ارب روپے سیلز ٹیکس جبکہ 124 ارب روپے انکم ٹیکس شامل ہیں۔
موازنہ کیا جائے تو مالی سال 25-2024 میں بجلی بلوں سے 562 ارب، 24-2023 میں 515 ارب اور 23-2022 میں 313 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق انکم ٹیکس (ودہولڈنگ ٹیکس) کے تحت:صنعتی صارفین سے 66 ارب روپے,کمرشل صارفین سے 52 ارب روپے,نان فائلرز گھریلو صارفین سے 4 ارب 82 کروڑ روپے دیگر گھریلو صارفین سے ایک ارب 37 کروڑ روپے اکٹھے کیے گئے۔
جبکہ سیلز ٹیکس کی مد میں وصول کیے گئے 351 ارب روپے میں سے 269 ارب نارمل سیلز ٹیکس، 55 ارب اضافی سیلز ٹیکس اور 16.5 ارب روپے ریٹیلرز سے وصول کیے گئے۔