اگست میں موبائل انٹرنیٹ بندش کا سچ سامنے آ گیا، وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو کا بڑا وضاحتی بیان
کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ اگست کے پورے مہینے موبائل انٹرنیٹ بند کیے جانے سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور افواہیں ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے پورے مہینے انٹرنیٹ بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، تاہم سیکیورٹی خدشات کے باعث 14 اگست سمیت بعض مخصوص دنوں میں کوئٹہ اور بلوچستان کے چند علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر معطل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
میر ضیاء اللہ لانگو کے مطابق دہشت گرد عناصر اگست کے دوران بعض مخصوص تاریخوں کو کارروائیوں کے لیے استعمال کرتے ہیں، اسی تناظر میں حفاظتی اقدامات زیر غور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے لیے عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، تاہم موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی ممکنہ بندش کے حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔