تربت سے 6 لاشیں برآمد، سنسنی خیز تفصیلات سامنے آ گئیں
بلوچستان کے ضلع کیچ کے شہر تربت کے علاقے ناصر آباد سے 6 نامعلوم افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جس کے بعد پورے علاقے میں شدید تشویش اور خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔
“بولتا بلوچستان” کے ذرائع کے مطابق، لاشوں کو فوری طور پر ضروری قانونی کارروائی اور شناخت کے عمل کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت اور ان کی ہلاکت کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ سیکیورٹی اور انتظامی ادارے موقع پر پہنچ گئے ہیں اور معاملے کے مختلف پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری موقف اور مزید حقائق سامنے آتے ہی تفصیلات جاری کی جائیں گی، جبکہ میڈیا اس پیش رفت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
تربت میں 6 مغوی مزدوروں کی لاشیں برآمد، چار کا تعلق پنجاب اور دو کا خیبرپختونخوا سے تھا
کوئٹہ: ضلع کیچ کے علاقے تربت کے ناصر آباد سے ملنے والی 6 لاشوں کی شناخت مغوی مزدوروں کے طور پر کر لی گئی ہے۔
معاون برائے میڈیا محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق شہید کیے گئے مزدوروں میں سے چار کا تعلق پنجاب جبکہ دو کا تعلق خیبرپختونخوا سے تھا۔
پولیس کے مطابق دو روز قبل ضلع کیچ کے علاقے کلاتک سے 7 مزدوروں کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کیا تھا، جن میں سے ایک مزدور کو اغوا کے فوراً بعد فائرنگ کرکے شہید کر دیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ باقی 6 مزدوروں کو مسلح افراد اپنے ساتھ لے گئے تھے، جنہیں بعد ازاں قتل کرکے ان کی لاشیں ناصر آباد کے علاقے میں پھینک دی گئیں۔
لاشوں کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔