ٹیکنالوجی کی معروف پیغام رساں ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی سہولت کے لیے 4 نئے اور جدید فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جن سے آئی پیڈ پر اکاؤنٹ بنانے، گاڑی میں ہینڈز فری استعمال، پی ڈی ایف فائلز اور میوزک شیئرنگ کا تجربہ بالکل بدل جائے گا۔
آئی پیڈ صارفین کے لیے بڑی سہولت:
اطلاعات کے مطابق، اب آئی پیڈ پر واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے اسے کسی موبائل فون سے لنک کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ صارفین اب براہِ راست آئی پیڈ پر ہی اپنا نیا واٹس ایپ اکاؤنٹ رجسٹر کر سکیں گے، جس سے آئی پیڈ استعمال کرنے والوں کو درپیش پرانی مشکل ختم ہو جائے گی۔
ڈرائیونگ کے دوران ہینڈز فری فیچر:
کمپنی نے ڈرائیورز کی حفاظت اور سہولت کے لیے ‘ایپل کار پلے’ (Apple CarPlay) اور ‘اینڈرائیڈ آٹو’ (Android Auto) کا بہترین سپورٹ شامل کیا ہے۔ اس کی مدد سے اب ڈرائیونگ کے دوران فون کو ہاتھ لگائے بغیر سکرین کی مدد سے پیغامات سننے اور ان کا جواب دینے، کالز کرنے، کال ہسٹری دیکھنے اور پسندیدہ کانٹیکٹس تک فوری رسائی حاصل کی جا سکے گی۔
پی ڈی ایف اور میوزک کے نئے اپ ڈیٹس:
پی ڈی ایف فائلیں: اب صارفین کو واٹس ایپ پر آنے والی پی ڈی ایف فائلیں دیکھنے کے لیے ڈاؤن لوڈ کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، بلکہ ایپ کے اندر ہی ان کو کھولا، ہائی لائٹ اور نوٹس بھی شامل کیے جا سکیں گے۔
میوزک اسٹیٹس: ‘ایپل میوزک’ اور ‘اسپاٹیفائی’ کے شوقین افراد اب اپنے پسندیدہ زیرِ سماعت گانے کو ایک کلک پر براہِ راست واٹس ایپ اسٹیٹس کی زینت بنا سکیں گے۔