بلوچستان کے لیے بڑا سرپرائز، جدید ترین ہسپتال کے قیام سے مقامی آبادی کی بڑی محرومی ختم
تربت: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان ساؤتھ کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایف سی کے نو تعمیر شدہ جدید ہسپتال کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔
افتتاحی تقریب کے بعد وزیر داخلہ نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا، جن میں او پی ڈی، وارڈز، آپریشن تھیٹر کے علاوہ ایم آر آئی (MRI) اور سی ٹی اسکین رومز شامل تھے۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں موجود ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور پیرامیڈیکل عملے سے بات چیت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مریضوں کی دیکھ بھال اور خدمت کو ہر صورت پہلی ترجیح بنائیں۔
محسن نقوی نے ریکارڈ وقت میں اس جدید ترین ہسپتال کی تعمیر مکمل کرنے پر آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ، میجر جنرل بلال سرفراز خان اور ان کی پوری ٹیم کی محنت کو سراہا۔
صحافیوں اور حکام سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تربت جیسے علاقے میں ایک معیاری ہسپتال وقت کی اہم ضرورت تھی۔ اس ہسپتال کے قائم ہونے سے نہ صرف فورسز کے جوانوں کو بلکہ علاقے کے عام لوگوں کو بھی علاج معالجے کی بہترین اور جدید سہولیات میسر آئیں گی۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ کو ہسپتال میں موجود طبی سہولتوں کے علاوہ ایف سی بلوچستان ساؤتھ کی آپریشنل تیاریوں اور فیلڈ کارروائیوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔ محسن نقوی نے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اور بالخصوص “فتنہ الہندوستان” سمیت دیگر ملک دشمن اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب آپریشنز پر افسران و جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔