بلوچستان میں اب کیا ہونے والا ہے؟فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اس اعلان نے سب کو حیران کر دیا
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملکی سلامتی کے خلاف کام کرنے والے عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔ جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر قومی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے بلا تفریق تباہ کر دیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم مسلح افواج عوام کی حمایت اور ثابت قدمی کے ساتھ ان تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
انہوں نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل اور محب وطن و باصلاحیت عوام سے مالا مال ہے، جو اس کی اصل طاقت ہیں۔ جنرل عاصم منیر کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتیں صوبے کی تقدیر بدلنے کے لیے جامع اور عوام دوست منصوبوں پر گامزن ہیں۔
خطاب کے دوران انہوں نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد کو ناگزیر قرار دیا اور سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کی نشست کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں شرکا نے ملک کی خودمختاری، امن اور ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔