مستونگ سانحے کا ہولناک بدلہ: فتنہ الہندوستان کا نیٹ ورک تباہ
مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر مبنی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 6 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ میں کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے کارروائی کی۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کا تعلق “فتنہ الہندوستان” سے بتایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں ایک مبینہ سہولت کار کے علاوہ مرد اور خواتین خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی متعدد مبینہ پناہ گاہیں تباہ کر دی گئیں، جبکہ وہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مستونگ میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد دہشت گرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی گئی ہے تاکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔