Tameerewatan
tameerewatan

ایران ڈیل کے بدلے بڑی رعایت ،پاکستان نے امریکہ سے 10 ارب ڈالر مانگ لیے

ایران ڈیل کے بدلے بڑی رعایت ،پاکستان نے امریکہ سے 10 ارب ڈالر مانگ لیے

اسلام آباد: برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے امریکا سے 10 ارب ڈالر کی ایکسچینج اسٹیبلائزیشن سہولت (Exchange Stabilization Facility) فراہم کرنے کی درخواست کی ہے، جس کا مقصد زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط بنانا، روپے پر دباؤ کم کرنا اور معیشت کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ درخواست ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران سے متعلق سفارتی مذاکرات میں پاکستان کے کردار کے بعد واشنگٹن کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی توقعات ظاہر کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کو پانچ سالہ دوطرفہ مالی سہولت کی درخواست پیش کی ہے۔

رائٹرز کے مطابق اگر یہ مالی سہولت منظور ہو جاتی ہے تو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافہ، روپے کے استحکام اور بیرونی مالیاتی دباؤ میں کمی متوقع ہے، جبکہ آئی ایم ایف اور دیگر بین الاقوامی مالیاتی اداروں پر انحصار بھی کم ہو سکتا ہے۔

تاہم امریکی محکمہ خزانہ نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا، جبکہ پاکستان کی وزارت خزانہ نے بھی اس دعوے پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

دوسری جانب وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں امریکی وزیر خزانہ سے ملاقات کے دوران دوطرفہ اقتصادی تعاون، امریکی سرمایہ کاری اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک پاکستان کی رسائی بڑھانے پر زور دیا، تاہم وزارت خزانہ کے جاری کردہ سرکاری بیان میں 10 ارب ڈالر کی کسی درخواست کا ذکر نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اس وقت 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت مالیاتی اصلاحات پر عمل درآمد کر رہا ہے اور معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے بیرونی مالی معاونت اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کی کوششیں جاری ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More