خودکش بمباروں کی گرفتاری پر وزیراعلیٰ کا بڑا بیان
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیاب کارروائیوں، دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تباہی اور خودکش حملہ آوروں کی گرفتاری کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کا عظیم بریک تھرو قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ریاست دشمن عناصر کے لیے اب کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
اپنے ایک خصوصی بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر بیرونی و اندرونی سازش کو مکمل طور پر ناکام بنایا جائے گا۔ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں، خودکش بمباروں اور ان کے تمام سہولت کاروں کے خلاف جاری عملی کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک بلا تعطل جاری رہیں گی اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ حکومتِ بلوچستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور سکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیاں اور کامیابیاں پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرتی ہیں۔