سوراب اور مستونگ میں سکیورٹی فورسز کا تباہ کن آپریشن10 دہشت گرد ڈھیر
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 10 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 خواتین خودکش حملہ آور گرفتار کر لی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے وابستہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر متعدد ایریا سینیٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 10 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع سوراب میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جہاں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ دیگر کارروائیوں میں مزید دہشت گرد مارے گئے اور دو خواتین خودکش حملہ آوروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
بیان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں تاکہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جا سکے۔