پاکستان کا بڑا فیصلہ، ملک کی تاریخ کا مہنگا ترین ایل این جی کارگو خرید لیا
اسلام آباد: پاکستان نے جولائی 2027-28 کے لیے اب تک کا مہنگا ترین ایل این جی اسپاٹ کارگو خرید لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایل این جی کارگو 21.88 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے خریدا گیا، جس کی منظوری پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کے بورڈ نے دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارگو جولائی کے مہینے کے لیے خریدا گیا ہے اور اس کی سپلائی جولائی 2027-28 میں متوقع ہے۔ اس ٹینڈر کے لیے صرف ایک بولی موصول ہوئی، جو ٹوٹل انرجی گیس اینڈ پاور کی جانب سے جمع کرائی گئی تھی۔
پیٹرولیم ذرائع کے مطابق پاکستان جولائی کے لیے اب تک چار ایل این جی کارگوز خرید چکا ہے۔ اس سے قبل 30 جون سے 4 جولائی کے لیے ایل این جی کارگو 16.73 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو، 10 سے 11 جولائی کے لیے 17.37 ڈالر، 15 سے 16 جولائی کے لیے 18.23 ڈالر جبکہ حالیہ کارگو 20.69 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو میں خریدا گیا تھا۔
توانائی ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باعث ایل این جی کی درآمدی لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کا اثر ملکی توانائی شعبے پر پڑ سکتا ہے۔