اسلام آباد: آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے ملک میں پیٹرول کی ممکنہ قلت سے خبردار کرتے ہوئے حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔
او سی اے سی کے مطابق ملک میں اس وقت پیٹرول کا ذخیرہ تقریباً 3 لاکھ 70 ہزار ٹن موجود ہے، جو صرف 15 روز کی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔ کونسل نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ درآمدی پیٹرول کی کسٹمز کلیئرنس میں تاخیر کے باعث سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔
آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کا کہنا ہے کہ اگر درآمدی پیٹرولیم مصنوعات کی کلیئرنس کا عمل فوری مکمل نہ کیا گیا تو ملک کے مختلف علاقوں میں پیٹرول کی قلت پیدا ہونے کا امکان ہے۔
کونسل نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ درآمدی پیٹرولیم مصنوعات کی کسٹمز کلیئرنس میں تیزی لائی جائے اور سپلائی برقرار رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔
او سی اے سی کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مالی مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث ان کی درآمدی صلاحیت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ کمپنیوں نے حکومت سے 66 ارب 70 کروڑ روپے کے زیر التوا کلیمز فوری جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
کونسل نے خبردار کیا کہ بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو پیٹرول کی ترسیل متاثر ہونے سے ملک کے بعض حصوں میں قلت کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔