کوئٹہ میں لرزہ خیز سانحہ: اغوا کیے گئے اے ایس ایف انسپکٹر سمیت 4 اہلکاروں کے ساتھ کیا ہوا؟ سنسنی خیز انکشافات
کوئٹہ: دہشت گردوں کے ہاتھوں مبینہ طور پر اغوا کیے گئے ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے انسپکٹر سمیت چار افراد کی لاشیں کوئٹہ کے علاقے شعبان سے برآمد کرلی گئیں۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں اے ایس ایف انسپکٹر زبیر احمد شاہوانی، سابق سی ٹی ڈی اہلکار سید خلیل الرحمٰن، پاک فوج کے ریٹائرڈ حوالدار صادق اور پولیس کانسٹیبل فرید شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق چاروں لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں شناخت اور دیگر قانونی مراحل مکمل کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اے ایس ایف انسپکٹر زبیر احمد شاہوانی اور سابق سی ٹی ڈی اہلکار خلیل الرحمٰن 21 جون کو کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن کلی برات سے گھر سے نکلنے کے بعد لاپتا ہوگئے تھے۔ دونوں کی بازیابی کے لیے سیکیورٹی ادارے کارروائیاں کر رہے تھے۔
اسی طرح پولیس کانسٹیبل فرید کے مبینہ اغوا کی اطلاع مانگی ڈیم کے علاقے سے سامنے آئی تھی، جبکہ ریٹائرڈ حوالدار صادق بھی کافی عرصے سے لاپتا تھے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں، جبکہ واقعے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہیں۔ حکام کی جانب سے تاحال واقعے سے متعلق باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔