Tameerewatan
tameerewatan

پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے، وزیراعلیٰ کے بھائی پر سرکاری معاملات میں مداخلت کا سنگین الزام

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی عبدالغنی آفریدی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو خط لکھ کر ان کے بھائی نوید آفریدی پر حلقہ پی کے-71 میں مبینہ سیاسی اور انتظامی مداخلت کے الزامات عائد کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

عبدالغنی آفریدی نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ نوید آفریدی حلقے میں کھلی کچہریوں کا انعقاد اور سرپرستی کر رہے ہیں، جبکہ مختلف سرکاری محکموں کے افسران کو ان تقریبات میں شرکت پر مجبور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شرکت سے انکار کرنے والے افسران کو تبادلوں کی دھمکیاں بھی دی جاتی ہیں۔

رکن صوبائی اسمبلی کے مطابق اس مبینہ مداخلت کے باعث ایک منتخب عوامی نمائندے کے طور پر ان کی سیاسی حیثیت اور وقار متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اس معاملے سے متعدد بار وزیراعلیٰ کو آگاہ کر چکے ہیں، جبکہ صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کے ذریعے بھی شکایت پہنچائی گئی، تاہم اب تک کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی۔

خط میں ضلعی انتظامیہ اور بعض سرکاری افسران کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ عبدالغنی آفریدی کا کہنا ہے کہ بعض افسران مبینہ طور پر غیر منتخب افراد کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں، جس سے انتظامی امور اور عوامی نمائندگی متاثر ہو رہی ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ عبدالغنی آفریدی نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو وہ آئندہ قانونی اور سیاسی آپشنز استعمال کرنے پر غور کریں گے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More