عمران خان کی صحت یا سیاسی ڈرامہ؟ خواجہ آصف کے سنسنی خیز ادعوں نے سیاسی میدان میں آگ لگا دی
بانی پی ٹی آئی کی صحت کو لے کر جاری سیاسی تنازع میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا ایک نیا اور تند و تیز بیان سامنے آ گیا ہے۔ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان کی اپنی بہن، جو خود پیشے کے اعتبار سے ڈاکٹر ہیں، نے پریس کانفرنس کے دوران یہ واضح کر کے تمام بحث ختم کر دی ہے کہ بانی پی ٹی آئی الحمدللہ مکمل طور پر فٹ اور صحت مند ہیں۔
خواجہ آصف نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بتایا کہ خان صاحب کی بہن نے ماہر ڈاکٹروں کے ہمراہ جیل میں ان سے ملاقات کی اور ان کا بلڈ پریشر خود چیک کیا جو کہ بالکل نارمل تھا۔ وزیر دفاع کے مطابق، عمران خان کے ذاتی ڈاکٹروں اور ان کی ہمشیرہ کا یہ اطمینان بخش بیان ان کے بیرون ملک مقیم مداحوں کو ہرگز پسند نہیں آیا، کیونکہ وہ ملک میں ایک مسلسل اضطراب اور اداسی کی فضا قائم رکھنا چاہتے ہیں۔
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ اس بیانیے کا مقصد ملک میں بحران پیدا کر کے حکومت پر دباؤ بڑھانا تھا تاکہ احتجاج کی لہر پیدا کی جا سکے، مگر اب یہ تمام امیدیں خاک میں مل چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب غیر ملکی میڈیا کو استعمال کر کے بانی پی ٹی آئی کی خراب صحت کا جھوٹا تاثر پھیلا کر صورت حال سنبھالنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔