مسلح افراد کی کھلے عام غنڈہ گردی، کونسلر اٹھا لیا گیا 3 لاشیں بھی برآمد
نوشکی اور صحبت پور میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے، جہاں دو الگ الگ ہولناک واقعات نے پوروے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ نوشکی کے مصروف ترین علاقے مسجد روڈ سے میونسپل کمیٹی کے منتخب کونسلر اور کلی فقیران کے رہائشی جانان بڑیچ کو نامعلوم مسلح افراد دن دہاڑے مبینہ طور پر اغوا کر کے لے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پورے شہر کی ناکہ بندی کر کے مغوی کی بحفاظت بازیابی اور ملزمان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ منتخب عوامی نمائندے کے اس طرح غائب ہونے پر سیاسی و سماجی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، صحبت پور میں تھانہ جیانی کی حدود، گوٹھ اسماعیل چوکی کے قریب سے تین نامعلوم افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا ہے۔ مقتولین کی شناخت اور قتل کے پیچھے چھپے محرکات کو بے نقاب کرنے کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ دونوں واقعات نے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔