بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 15 خوارج ہلاک
کوئٹہ: آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 15 خوارج ہلاک کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں خوارج کے خلاف متعدد کارروائیاں کیں۔
کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچنے اور ان کی نقل و حرکت محدود ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے 15 خوارج کی ہلاکت کو فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر قرار دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے ذریعے دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنائے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف برسرِپیکار سیکیورٹی فورسز کے جوان پوری قوم کا فخر ہیں۔