مواد پر جائیں

کوئٹہ 13°C فجر 5:27 ظہر 12:16 عصر 4:06 مغرب 5:43 عشاء 7:04
آج کا ای پیپر ⁦3⁩ نومبر ⁦2026⁩ پڑھیں
بلوچستان

بلوچستان میں سرکاری امور کو ڈیجیٹل بنانا چاہتے ہیں، مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر ربابہ بلیدی

سرکاری اداروں میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے عوامی مسائل بروقت حل ہوں گے، بلوچستان سول سروس اکیڈمی میں تین روزہ تربیتی کورس سے خطاب

کوئٹہ : بلوچستان سول سروس اکیڈمی (BCSA) نے اکاؤنٹیبلٹی لیب پاکستان کے اشتراک سے مختلف صوبائی محکموں کے سرکاری افسران کے لیے ڈیجیٹل گورننس کے عنوان سے پیر کے روز تین روزہ تربیتی کورس کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کورس کا مقصد ڈیجیٹل گورننس اور سرکاری امور میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) کے استعمال کے ذریعے عوام کو بروقت خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

بلوچستان میں سرکاری امور کو ڈیجیٹل بنانا چاہتے ہیں، مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان  ڈاکٹر ربابہ بلیدی

ٹریننگ کورس کے افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ بلیدی اور بلوچستان سول سروس اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حفیظ جمالی نے مختلف سرکاری محکموں سے تعلق رکھنے والے شرکاء سے خطاب کیا۔

شرکاء سے اپنے استقبالیہ خطاب میں ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے سرکاری اداروں پر عوامی اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے بلوچستان میں گورننس کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا، "بطور حکومت، ہم تمام سرکاری امور کو ڈیجیٹلائز کر کے بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ اس ورکشاپ میں آپ جو مہارتیں سیکھیں گے وہ انتہائی اہمیت کی حامل ہوں گی، جو ہمارے افسران کو بلوچستان کے عوام کی خدمت کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔”

انہوں نے سرکاری افسران کے لیے جدید کورسز کے انعقاد پر بی سی ایس اے (BCSA) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے حال ہی میں ای خدمت (E-Khidmat) سروس کا آغاز کیا گیا ہے تو ہم بلوچستان میں کیوں ایسی سروسز شروع نہیں کر سکتے۔

عوام اور حکومت کے درمیان موجود خلیج کو دور کرنے کے لیے ہمیں بھی ایسی سروسز کا آغاز کرنا ہوگا جن کے ذریعے عوام کے مسائل کا حل بروقت ممکن ہو سکے، جس کے لیے تمام سرکاری محکموں کے امور کو ڈیجیٹل بنانے اور سرکاری امور میں تیزی لانے کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کا استعمال شروع کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا، "یہ صدی ڈیٹا کی صدی ہے؛ جب تک ہم نئی چیزیں نہیں سیکھیں گے، تب تک ہم معاشرے میں تبدیلی نہیں لا سکتے۔”

بی سی ایس اے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حفیظ جمالی نے شرکاء کے لیے معیاری تربیتی سیشن کے انعقاد میں تعاون کرنے پر اکاؤنٹیبلٹی لیب پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی کورس بی سی ایس اے اور شرکاء کو ڈیجیٹل گورننس کے طریقہ کار، روزمرہ سرکاری امور میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے استعمال اور ری ڈیزائن تھنکنگ کو اپنے سرکاری معاملات میں استعمال کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

مختلف سرکاری محکموں کے 30 شرکاء کے لیے منعقدہ یہ تربیتی کورس 4 اکتوبر کو اختتام پذیر ہوگا۔

اس کورس میں ڈیجیٹل گورننس ٹولز اور مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال سے متعلق مختلف نشستیں شامل ہوں گی، جن کا مقصد سرکاری امور کو بہتر بنانا اور عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔