لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان بات چیت جاری ہے، جس میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے شیڈول اور وینیوز کو حتمی شکل دینے پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت دو ٹیسٹ میچز فروری اور مارچ 2027 میں کھیلے جانے ہیں، تاہم سیریز کی تاریخوں اور مقامات کا باضابطہ اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔
دونوں بورڈز شیڈول کی تیاری میں رمضان المبارک اور کھلاڑیوں کی دیگر مصروفیات کو مدنظر رکھ رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان سیریز 16 فروری کو ہیملٹن میں اختتام پذیر ہوگی، جبکہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 18 مارچ سے ہوگا اور ٹیموں کی سرگرمیاں 15 مارچ سے شروع ہوجائیں گی۔
ان مصروفیات کے باعث پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کم از کم ایک ٹیسٹ میچ رمضان المبارک کے دوران کھیلے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان حتمی مشاورت مکمل ہونے کے بعد سیریز کے شیڈول اور وینیوز کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔