مواد پر جائیں

کوئٹہ 13°C فجر 5:29 ظہر 12:16 عصر 4:04 مغرب 5:41 عشاء 7:03
آج کا ای پیپر ⁦5⁩ نومبر ⁦2026⁩ پڑھیں
کھیل

برازیل میں فٹبال میچ میدانِ جنگ بن گیا، 51 ریڈ کارڈز کا نیا عالمی ریکارڈ

انڈر 20 چیمپئن شپ کے دوران کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف میں شدید لڑائی، 43 کھلاڑیوں سمیت 51 افراد کو ریڈ کارڈ دکھائے گئے

ریو ڈی جنیرو: برازیل میں انڈر 20 فٹبال چیمپئن شپ کا سیمی فائنل شدید ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا، جہاں کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان لڑائی کے بعد مجموعی طور پر 51 ریڈ کارڈز دکھائے گئے، جسے فٹبال کی تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ قرار دیا جارہا ہے۔

برازیل میں فٹبال میچ میدانِ جنگ بن گیا، 51 ریڈ کارڈز کا نیا عالمی ریکارڈ

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ برازیل کی ریاست میناس گیریس میں انڈر 20 چیمپئن شپ کے سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں اوبرلینڈیا اور مامورے کی ٹیموں کے درمیان پیش آیا۔

ریفری کی رپورٹ کے مطابق دوسرے ہاف میں مامورے کے کھلاڑی ڈیوڈ نے گول کرنے کے بعد مخالف ٹیم کے بینچ کی جانب اشارے کیے، جس پر اوبرلینڈیا کے گول کیپنگ کوچ پالو سرجیو ڈیاس ڈوس سانتوس میدان میں آگئے۔

اس واقعے کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے درمیان شدید تصادم شروع ہوگیا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے میدان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ہنگامہ آرائی کے دوران اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ بھی ہوئی، جس کے باعث صورتحال پر قابو پانے کے لیے پولیس کو طلب کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 43 کھلاڑیوں اور دونوں ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کے 8 ارکان کو ریڈ کارڈ دکھائے گئے۔ لڑائی شروع ہونے سے قبل بھی تین کھلاڑی ریڈ کارڈ حاصل کرچکے تھے۔

ہنگامہ آرائی کے باعث میچ تقریباً 40 منٹ تک رکا رہا، جس کے بعد ریفری نے مقابلہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس سے قبل 2011 میں ارجنٹائن کے ایک فٹبال میچ میں 36 ریڈ کارڈز دکھائے جانے کا ریکارڈ قائم ہوا تھا۔

واقعے کے بعد اوبرلینڈیا کی ٹیم نے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں شرکت سے دستبرداری اختیار کرلی اور اپنے فیصلے کو فیئر پلے کا مظاہرہ قرار دیا، جس کے نتیجے میں مامورے کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی۔