مواد پر جائیں

کوئٹہ 16°C فجر 5:24 ظہر 12:16 عصر 4:09 مغرب 5:46 عشاء 7:07
آج کا ای پیپر ⁦28⁩ اکتوبر ⁦2026⁩ پڑھیں
کھیل

بروک کی ڈبل سنچری کے باوجود انگلینڈ کو سری لنکا سے شکست

راولپنڈی: سہ ملکی ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کا 430 رنز کا بڑا ہدف حاصل کرکے دو وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔ سری لنکن ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے میں ایک گیند باقی رہتے آٹھ وکٹوں پر 430 رنز بنائے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔ کپتان ہیری بروک نے 116 گیندوں پر 202 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 21 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔
جو روٹ نے 69، ول جیکس نے ناقابل شکست 66 اور ٹام بینٹن نے 50 رنز بنائے۔ بروک اور روٹ کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 159 رنز کی شراکت ہوئی، جبکہ بروک نے جیکس کے ساتھ چوتھی وکٹ پر 185 رنز جوڑے۔ سری لنکا کے دونتھ ویلالگے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
بڑے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ابتدائی دو وکٹیں صرف 24 رنز پر گر گئیں، تاہم اویشکا فرنینڈو اور پون رتنائیکے نے تیسری وکٹ کے لیے 166 رنز جوڑ کر ٹیم کو مقابلے میں واپس لے آئے۔
رتنائیکے نے 130 رنز بنائے، جبکہ فرنینڈو 97 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ داسن شاناکا نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 50 گیندوں پر 97 رنز بنائے۔
آخری اوور میں سری لنکا کو آٹھ رنز درکار تھے۔ جوش ٹونگ نے مسلسل دو گیندوں پر وکٹیں لے کر مقابلہ مزید دلچسپ بنادیا، لیکن جینتھ لیانگے نے پانچویں گیند پر چھکا لگا کر سری لنکا کو فتح دلادی۔ وہ 61 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ کی جانب سے ٹونگ نے تین اور سیم کرن نے دو وکٹیں لیں، جبکہ جیمی اوورٹن اور لیام ڈاؤسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بروک کی ڈبل سنچری کے باوجود انگلینڈ کو سری لنکا سے شکست