اسپورٹس ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر بابر اعظم کی قائداعظم ٹرافی میں واپسی توقعات کے مطابق نہ ہوسکی، جبکہ آؤٹ ہونے کے بعد غصے میں بیٹ پچ پر مارنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
قائداعظم ٹرافی گولڈ 2026-27 کے ایک میچ میں بابر اعظم پہلی اننگز میں متنازع انداز میں آؤٹ ہوئے، جبکہ دوسری اننگز میں بھی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
دوسری اننگز میں بابر اعظم نے 42 رنز بنائے، تاہم وکٹ گنوانے کے بعد وہ شدید مایوس دکھائی دیے اور غصے میں اپنا بیٹ پچ پر دے مارا۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
بابر اعظم کے رویے پر شائقین کی مختلف آرا
سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے بابر اعظم کے ردعمل کو مسلسل کارکردگی کے دباؤ اور بڑی اننگز نہ کھیل پانے کی مایوسی کا نتیجہ قرار دیا۔
دوسری جانب کئی شائقین نے ایک تجربہ کار اور سینئر کھلاڑی کی جانب سے میدان میں غصے کے اظہار کو نامناسب قرار دیتے ہوئے ان کے رویے پر تنقید کی۔
بابر اعظم حالیہ عرصے میں اپنی بیٹنگ کارکردگی کے باعث تنقید کا سامنا کررہے ہیں اور ڈومیسٹک کرکٹ میں ان کی واپسی سے شائقین کو بہتر کارکردگی کی توقع تھی۔
تاہم قائداعظم ٹرافی میں ان کی دوسری اننگز 42 رنز تک محدود رہی اور آؤٹ ہونے کے بعد ان کا ردعمل میچ کی نمایاں خبروں میں شامل ہوگیا۔