اسلام آباد : صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے، پاکستان کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے اور بین الاقوامی مبصرین کو بلا رکاوٹ رسائی دینے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔یوم شہدائے جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے نومبر 1947 میں جموں میں شہید کیے گئے بے گناہ کشمیری مسلمانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے جموں کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ 79 سال قبل ڈوگرہ افواج نے جموں کی مسلم آبادی کے خلاف منظم تشدد کیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے جبکہ لاتعداد افراد کو اپنے گھروں اور آبائی علاقوں سے بے دخل ہونا پڑا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام آج بھی مشکلات اور مصائب کا سامنا کر رہے ہیں اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ عالمی برادری کو کشمیری عوام کی مشکلات کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔صدر مملکت نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی کوششوں سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔بھارت کے حوالے سے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اسے اشتعال انگیز بیانات اور فوجی مہم جوئی سے گریز کرنا چاہیے۔ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے پاکستان کے عزم کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارت کو 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات واپس لینے چاہئیں تاکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی راہ ہموار ہوسکے۔صدر مملکت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مؤثر نگرانی کے لیے عملی اقدامات کرے اور بین الاقوامی مبصرین کو علاقے تک بلا رکاوٹ رسائی دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جائز جدوجہد اور حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ضروری ہے۔