مواد پر جائیں

کوئٹہ 13°C فجر 5:29 ظہر 12:16 عصر 4:04 مغرب 5:41 عشاء 7:03
آج کا ای پیپر ⁦5⁩ نومبر ⁦2026⁩ پڑھیں
پاکستان

ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم جاری، 3 روز میں ایک کروڑ 96 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے

بلوچستان کے 31 اضلاع میں ساڑھے 16 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل، ملک بھر میں 2 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

اسلام آباد: ملک بھر کے 97 منتخب اضلاع میں جاری انسدادِ پولیو مہم کے پہلے تین روز کے دوران ایک کروڑ 96 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں، جبکہ مہم 8 نومبر تک جاری رہے گی۔

ملک بھر میں انسدادِ پولیو مہم جاری، 3 روز میں ایک کروڑ 96 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے

نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق انسدادِ پولیو مہم کا چوتھا روز جاری ہے اور اس دوران ملک بھر میں تقریباً 2 کروڑ 40 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مہم میں 2 لاکھ سے زائد پولیو ورکرز حصہ لے رہے ہیں، جو گھر گھر جاکر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

بلوچستان کے 31 اضلاع میں ساڑھے 16 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن

نیشنل ای او سی کے مطابق بلوچستان کے 31 اضلاع میں اب تک 16 لاکھ 50 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جاچکے ہیں۔

اسی طرح پنجاب کے 13 منتخب اضلاع میں 75 لاکھ 52 ہزار سے زائد اور سندھ کے 20 اضلاع میں تقریباً 56 لاکھ 59 ہزار بچوں کی ویکسینیشن مکمل کی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا کے 27 اضلاع میں تقریباً 40 لاکھ 2 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے، جبکہ اسلام آباد میں 4 لاکھ 18 ہزار سے زائد بچوں کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے۔

گلگت بلتستان کے 3 اضلاع میں ایک لاکھ 49 ہزار سے زائد اور آزاد جموں و کشمیر کے 2 اضلاع میں ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں۔

نیشنل ای او سی نے واضح کیا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم بروقت ویکسینیشن کے ذریعے بچوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔

حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور پانچ سال سے کم عمر ہر بچے کو انسدادِ پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں۔

پولیو ٹیموں سے متعلق معلومات یا شکایات کے لیے قومی ہیلپ لائن 1166 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے، جبکہ واٹس ایپ نمبر 0346-7776546 پر بھی پیغام بھیجا جاسکتا ہے۔