مواد پر جائیں

کوئٹہ 24°C فجر 5:31 ظہر 12:16 عصر 4:02 مغرب 5:39 عشاء 7:01
آج کا ای پیپر ⁦9⁩ نومبر ⁦2026⁩ پڑھیں
پاکستان

اینکر ربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیش رفت، گرفتار شوہر کا فائرنگ کا اعتراف

ملزم کا گولی حادثاتی طور پر چلنے کا مؤقف، پستول کا لائسنس پیش نہ کرسکا، مقدمے میں قتل اور اسلحہ قانون کی دفعات شامل، فرانزک تحقیقات جاری

راولپنڈی: معروف اینکر پرسن ربیعہ احسن کی ہلاکت کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ راولپنڈی پولیس نے مقتولہ کے شوہر احسن طاہر کو باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا ہے، جبکہ پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی اہلیہ پر پستول سے فائر ہونے کی تصدیق کی ہے، تاہم اسے حادثاتی واقعہ قرار دیا ہے۔

اینکر ربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیش رفت، گرفتار شوہر کا فائرنگ کا اعتراف

پولیس کے مطابق ربیعہ احسن کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں تھانہ صدر بیرونی میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں مقتولہ کے شوہر کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق 8 نومبر کو دوپہر تقریباً ڈھائی بجے ربیعہ احسن کی والدہ اور بہن گھر کے لان میں موجود تھیں کہ اچانک بیڈ روم سے فائرنگ کی آواز سنائی دی۔

مقتولہ کی بہن کمرے میں پہنچیں تو ربیعہ احسن خون میں لت پت فرش پر پڑی تھیں، جبکہ ان کے شوہر احسن طاہر کے ہاتھ میں پستول موجود تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ اسی پستول سے اس کی اہلیہ کو گولی لگی، تاہم اس کا مؤقف ہے کہ فائر حادثاتی طور پر ہوا۔

پستول کا لائسنس پیش نہ کرنے پر مزید قانونی دفعات شامل

پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے 30 بور پستول برآمد کیا گیا، جس کا لائسنس ملزم پیش نہیں کرسکا۔

مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 302 کے ساتھ پنجاب کے اسلحہ قانون کی متعلقہ دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ربیعہ احسن کو سامنے سے گردن کے نچلے حصے میں ایک گولی لگی، جو ان کی موت کا سبب بنی۔

حادثاتی فائرنگ یا قتل؟ پولیس کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش

پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ربیعہ احسن اور احسن طاہر کی شادی تقریباً 14 سال قبل ہوئی تھی اور اہل خانہ نے دونوں کے درمیان کسی گھریلو تنازع یا ناچاقی کی نشاندہی نہیں کی۔

پولیس کو دیے گئے ایک گھریلو ملازم کے ابتدائی بیان کے مطابق گھر میں موسم کے مطابق کپڑوں کی تبدیلی کے دوران الماری سے پستول نکلا، جو احسن طاہر کے ہاتھ میں تھا کہ اسی دوران گولی چل گئی۔

تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے مؤقف اور واقعے کے تمام ممکنہ محرکات کا جائزہ لیا جارہا ہے، جبکہ حادثاتی فائرنگ کے دعوے کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرلیے گئے ہیں اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم نے بھی ضروری نمونے حاصل کیے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ موصول ہونے کے بعد واقعے کی نوعیت اور دیگر حقائق واضح کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ مقدمے کی تفتیش میرٹ پر مکمل کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ملزم کا پولیس کے سامنے دیا گیا بیان عدالتی طور پر جرم ثابت ہونے کے مترادف نہیں اور واقعے کی حتمی نوعیت کا تعین تحقیقات اور عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔