اسلام آباد: پاکستان میں موجودہ چار صوبوں کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کی مجوزہ منصوبہ بندی کے حوالے سے نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق اگر مطلوبہ آئینی ترامیم آئندہ سال منظور بھی ہوجائیں تو نئے صوبائی ڈھانچے پر عملدرآمد 2029 کے عام انتخابات کے بعد ہی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت موجودہ صوبائی حکومتیں اور اسمبلیاں اپنی آئینی مدت مکمل کریں گی، جبکہ نئے انتظامی ڈھانچے کا نفاذ آئندہ عام انتخابات کے بعد کیا جاسکتا ہے۔
منصوبے کے مطابق پنجاب کو 4، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کو 3، 3 جبکہ سندھ کو 2 صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس طرح ملک میں صوبوں کی مجموعی تعداد 4 سے بڑھ کر 12 ہوسکتی ہے۔
تاہم نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی ترامیم کے ساتھ متعدد مالیاتی، انتظامی اور قانونی معاملات پر بھی اتفاقِ رائے ضروری ہوگا۔
این ایف سی ایوارڈ اور وسائل کی تقسیم بڑا چیلنج
ذرائع کے مطابق نئے صوبوں کے قیام میں سب سے اہم مسئلہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت مالی وسائل کی تقسیم ہوگا۔
اس وقت وفاقی قابلِ تقسیم محاصل میں صوبوں کا حصہ ایک طے شدہ فارمولے کے تحت چار صوبوں میں تقسیم کیا جاتا ہے، تاہم 8 نئے صوبے بننے کی صورت میں وسائل کی تقسیم کے لیے نئے طریقہ کار پر اتفاق کرنا ہوگا۔
اسی طرح پانی کی تقسیم بھی ایک اہم اور حساس معاملہ ہوگا، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں آبپاشی، زرعی ضروریات اور پانی کی دستیابی پہلے ہی اہم مسائل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صوبوں کے مالی واجبات، اثاثوں اور دیگر انتظامی ذمہ داریوں کی مجوزہ نئی اکائیوں کے درمیان تقسیم بھی اتفاقِ رائے کی متقاضی ہوگی۔
نئے صوبوں کے قیام کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا
واضح رہے کہ ملک میں 12 صوبوں کے قیام کا منصوبہ فی الحال تجویز کی سطح پر ہے۔ اس حوالے سے مطلوبہ آئینی ترامیم منظور نہیں ہوئیں اور نہ ہی نئے صوبوں کی حتمی حدود یا انتظامی ڈھانچے کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئینی اور انتظامی مراحل مکمل ہونے کی صورت میں بھی نئے صوبائی نظام پر عملدرآمد آئندہ عام انتخابات کے بعد ہی ممکن ہوگا۔