لاہور: شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبال کا 149واں یومِ ولادت آج 9 نومبر کو ملک بھر میں قومی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر عام تعطیل رہی جبکہ مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم سیالکوٹ اور لاہور سے حاصل کی، بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کے لیے برطانیہ اور جرمنی گئے، جہاں فلسفے میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔
علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور فلسفے کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں سیاسی شعور، خودی اور بیداری کا پیغام عام کیا۔ ان کے افکار نے تحریکِ پاکستان کی فکری بنیادوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے اپنی شاعری میں نوجوانوں کو خصوصی اہمیت دی اور انہیں بلند مقاصد، خود اعتمادی اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا۔ ان کے تصورِ شاہین کو آج بھی نوجوانوں کے لیے عزم اور بلند حوصلے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
علامہ اقبال کی معروف تصانیف میں بانگِ درا، بالِ جبریل، ضربِ کلیم، زبورِ عجم، پیامِ مشرق اور جاوید نامہ شامل ہیں۔
شاعرِ مشرق 21 اپریل 1938 کو لاہور میں انتقال کرگئے اور انہیں بادشاہی مسجد کے قریب سپردِ خاک کیا گیا۔
مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب
علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت کے موقع پر لاہور میں ان کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی پاکستان نیوی کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور مصباح الامین تھے، جنہوں نے پاک بحریہ اور پاکستان رینجرز کے دستوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ اعزازی فرائض سے سبکدوش ہوا اور پاک بحریہ کے دستے نے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
گارڈز کی تبدیلی کے بعد چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، پاک بحریہ کے افسران، سیلرز اور سویلین اہلکاروں کی جانب سے مزارِ اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
کموڈور مصباح الامین نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔