اسلام آباد: پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت فراہم کرنے کا معاہدہ طے پاگیا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سرکاری روابط اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
معاہدے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے دستخط کیے۔
معاہدے کے تحت پاکستان اور سوڈان کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ملک میں ویزا فری داخلے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دے دیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سوڈان کے دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویزا فری سہولت سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور سرکاری وفود کے تبادلے مزید آسان ہوں گے، جبکہ مختلف شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے کہا کہ معاہدے سے دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور سرکاری اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ معاہدہ صرف سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے لیے ہے، جبکہ عام پاکستانی اور سوڈانی پاسپورٹ رکھنے والے شہری اس سہولت میں شامل نہیں ہیں۔
معاہدے کے تحت ویزا فری قیام کی مدت اور سہولت کے باقاعدہ آغاز کی تاریخ سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔