اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں طوفانی بارشوں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات اور انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارتِ خارجہ کو امدادی سرگرمیاں فوری بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ غزہ کے فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد کی فراہمی سے روکنے کے لیے اسرائیل کی جانب سے جاری اقدامات پر انہیں شدید تشویش ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ غزہ سے سامنے آنے والے مناظر انتہائی المناک ہیں، جہاں شدید بارشوں کے باعث بے گھر خاندانوں کے خیمے پانی میں ڈوب چکے ہیں، جبکہ محفوظ پناہ گاہوں سے محروم بچے بھوک اور شدید سردی کا سامنا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کے متاثرہ شہریوں، خصوصاً بچوں کو ایسے حالات کا سامنا ہے جہاں ان کے پاس محفوظ مقام پر منتقل ہونے کے مواقع بھی محدود ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ بندی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے خلاف جاری اسرائیلی کارروائیوں پر بھی تشویش ظاہر کی۔
انہوں نے کہا کہ وزارتِ خارجہ کو واضح ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ غزہ کے متاثرہ فلسطینیوں کے لیے انسانی امداد میں فوری اضافے کی خاطر تمام دستیاب وسائل اور ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعظم کے بیان میں غزہ کے بے گھر خاندانوں کو درپیش مشکلات اور امداد کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔