سیالکوٹ: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی ضروری ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی تجویز گزشتہ 2 ماہ سے زیر بحث ہے۔ ان کے خیال میں انتظامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے یونٹس تشکیل دیے جانے چاہییں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں 12 انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز سامنے آئی ہے تو اس پر عمل کیا جاسکتا ہے، تاہم ان کی تشکیل میں زبان، نسل یا سیاسی مفادات کو بنیاد نہیں بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی میں نمایاں اضافہ ہوچکا ہے اور موجودہ انتظامی نظام میں تبدیلی کے بغیر شہریوں کو بنیادی سہولیات کی مؤثر فراہمی مشکل ہوسکتی ہے۔
وزیر دفاع نے افغانستان کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں انتظامی ضروریات کے تحت صوبوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا، جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی انتظامی اختیارات کی تقسیم کا نظام موجود ہے۔
کوئٹہ، لاہور، کراچی اور پشاور میں اختیارات کے ارتکاز پر تحفظات
خواجہ آصف نے تجویز دی کہ صوبائی دارالحکومتوں میں موجود انتظامی اختیارات نئے انتظامی یونٹس کو منتقل کیے جائیں تاکہ کوئٹہ، لاہور، کراچی اور پشاور میں اختیارات کا ارتکاز کم ہوسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق سے صوبوں کو منتقل ہونے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کے اختیار میں آجاتے ہیں، حالانکہ ان وسائل کا فائدہ بلدیاتی اداروں اور مقامی آبادی تک پہنچنا چاہیے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بلدیاتی ادارے صوبائی حکومتوں کے فیصلوں اور ترجیحات کے تابع ہیں، جس کے باعث اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی متاثر ہوتی ہے۔
خواجہ آصف نے سیاسی قیادت پر زور دیا کہ وہ اس حقیقت کو تسلیم کرے کہ اقتدار اور اختیارات عوام کی امانت ہیں اور انہیں چند مراکز تک محدود رکھنے کے بجائے عوامی مفاد میں تقسیم کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ 12 انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق گفتگو فی الحال ایک تجویز کی سطح پر ہے اور اس حوالے سے کسی حتمی حکومتی فیصلے کا اعلان نہیں کیا گیا۔