مواد پر جائیں

کوئٹہ 16°C فجر 5:24 ظہر 12:16 عصر 4:09 مغرب 5:46 عشاء 7:07
آج کا ای پیپر ⁦28⁩ اکتوبر ⁦2026⁩ پڑھیں
بلوچستان

شمالی ڈیرہ بگٹی میں نئے سرکاری دفاتر کا افتتاح، وزیراعلیٰ کی عوام کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت

میر سرفراز بگٹی نے افسران کو وقت پر دفاتر پہنچنے اور شہریوں کی رسائی آسان بنانے کی ہدایت کی، ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے پر بھی زور

شمالی ڈیرہ بگٹی: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نئے ضلع شمالی ڈیرہ بگٹی میں مختلف نو تعمیر شدہ سرکاری دفاتر کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے کہا کہ نئے ضلع میں سرکاری دفاتر کا قیام عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
وزیراعلیٰ نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت کو اپنا فرض سمجھیں اور دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی یقینی بنائیں تاکہ شہری ان تک آسانی سے پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران مقررہ وقت پر دفاتر پہنچیں اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ شہریوں کو سرکاری دفاتر میں اپنے مسائل کے حل کے لیے غیر ضروری انتظار اور مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ افسران کی کارکردگی کا اصل معیار عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کے مسائل کا بروقت حل ہے۔ سرکاری مشینری عوام کو ریلیف دینے کے لیے متحرک اور جواب دہ ہونی چاہیے۔
انہوں نے نئے اضلاع میں سرکاری اداروں کو فعال بنانے اور انتظامی امور بہتر کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
بلوچستان میں پانی کے ذخائر اور ڈیمز کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ منصوبے انتہائی اہم ہیں، تاہم ان کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ ڈیمز کی تعمیر میں معیار کو اولین اہمیت دی جائے تاکہ یہ دیرپا ہوں اور عوام کو ان کا فائدہ پہنچے۔

شمالی ڈیرہ بگٹی میں نئے سرکاری دفاتر کا افتتاح، وزیراعلیٰ کی عوام کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ناقص کام کسی صورت قابل قبول نہیں۔ متعلقہ حکام تعمیراتی معیار اور شفافیت یقینی بنائیں، جبکہ منصوبوں کی نگرانی بھی مؤثر بنائی جائے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی وسائل کا درست استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اہم ترجیحات ہیں۔ شمالی ڈیرہ بگٹی سمیت بلوچستان کے تمام علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی کام آگے بڑھانے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر فیصلے میں عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے۔