کوئٹہ: بلوچستان میں خواتین کی صحت، فلاح و بہبود اور چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کے فروغ کے لیے شاہکو میڈیکل (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور رازائٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے باہمی اشتراک سے بولان میڈیکل کالج کوئٹہ میں ایک اہم آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن کا بنیادی مقصد خواتین میں چھاتی کے سرطان سے متعلق شعور اجاگر کرنا، بروقت تشخیص کی اہمیت کو واضح کرنا اور اس مرض سے بچاؤ کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کرنا تھا۔
آگاہی سیشن سے بولان میڈیکل کالج کے شعبہ آنکالوجی کے سربراہ ڈاکٹر ہدایت اللہ، بریسٹ سرجن ڈاکٹر مریم سلیم، پبلک ہیلتھ اسکول کی پرنسپل ڈاکٹر صفیہ مینگل اور عرشہ منظور احمد نے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ چھاتی کا سرطان خواتین کی صحت کے حوالے سے ایک اہم مسئلہ ہے، تاہم بروقت تشخیص اور مناسب علاج کے ذریعے اس مرض پر قابو پانے کے امکانات میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں صحت سے متعلق آگاہی کی کمی اور طبی معائنے میں تاخیر جیسے عوامل بیماری کی پیچیدگیوں میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ خواتین اپنی صحت کو ترجیح دیں اور کسی بھی غیر معمولی علامت کی صورت میں فوری طور پر مستند معالج سے رجوع کریں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کی صحت سے متعلق آگاہی مہمات کا انعقاد نہایت خوش آئند اقدام ہے۔ اس طرح کے پروگرام نہ صرف خواتین کو صحت کے مسائل سے آگاہ کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں بیماریوں کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ایک صحت مند عورت ہی ایک صحت مند خاندان اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔ خواتین کو صحت کی بنیادی سہولیات، مستند طبی معلومات اور بروقت تشخیص کے مواقع فراہم کرنا اجتماعی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے شاہکو میڈیکل (پرائیویٹ) لمیٹڈ اور رازائٹ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے آگاہی سیشن کے انعقاد کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری و نجی اداروں کے باہمی تعاون سے بلوچستان میں صحت عامہ کے شعبے میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کی صحت اور چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیوں کا تسلسل نہایت ضروری ہے تاکہ صوبے کی خواتین ایک صحت مند، محفوظ اور بہتر زندگی گزار سکیں۔