حکومتی وفد اور دھرنا کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا تیسرا دور بھی کسی پیش رفت کے بغیر ختم ہوگیا۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی بات چیت میں فریقین کسی حتمی فیصلے پر نہ پہنچ سکے۔
دھرنا کمیٹی کے رہنما نصراللہ خان زیرے نے بتایا کہ حکومتی وفد کے ساتھ تقریباً چھ گھنٹے تک مذاکرات ہوئے، جس میں کمیٹی نے اپنے مطالبات اور موقف واضح انداز میں حکام کے سامنے پیش کیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی وفد نے مطالبات پر غور اور مشاورت کے لیے مزید وقت طلب کیا ہے، تاہم دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا اور احتجاج اسی مقام پر جاری رہے گا۔
نصراللہ زیرے کا کہنا تھا کہ لواحقین کے اطمینان اور رضامندی کے بغیر حکومت کے ساتھ کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آل پارٹیز کی جانب سے اعلان کردہ احتجاجی مظاہروں اور ہڑتال کے شیڈول پر بھی عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ مذاکرات کے حوالے سے فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔