بلوچستان کے غریب اور متوسط طبقے کے نوجوانوں کے لیے بڑی خبر
کوئٹہ، 13 اگست: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مختلف صوبوں کی جامعات میں اسکالرشپ کے ذریعے اعلیٰ تعلیم کے لیے منتخب طلبہ و طالبات سے ملاقات کی۔ اس موقع پر طلبہ نے ترقیاتی منصوبوں، گورننس اور نوجوانوں کے مستقبل سمیت مختلف امور پر وزیر اعلیٰ سے گفتگو کی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے میرٹ پر منتخب ہونے والے طلبہ صوبے کے روشن مستقبل کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ حاصل کرنے والے بیشتر طلبہ کا تعلق غریب اور متوسط طبقے سے ہے، جو اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے بلوچستان کا نام روشن کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے پنجاب حکومت کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کو داخلوں کے ساتھ ٹیوشن اور ہاسٹل فیس میں معاونت فراہم کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور عوام پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے طلبہ کو محنت، نظم و ضبط اور مثبت سوچ اپنانے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی ریاست مخالف پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں اور اپنے والدین کی امیدوں پر پورا اتریں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے، بلوچستان کے طلبہ جہاں بھی جائیں پاکستانیت کا مثبت پیغام پہنچائیں کیونکہ وہ ملک کے سفیر ہیں۔