وڈھ یونیورسٹی کے سامنے خوفناک حادثہ، لاشیں اور زخمی خضدار منتقل
خضدار کے علاقے وڈھ بازار کے قریب چھبکی پہاڑ کے مقام پر زیرِ تعمیر وڈھ یونیورسٹی کے سامنے آر سی ڈی شاہراہ پر پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثے میں چار افراد جاں بحق جبکہ تین افراد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دو مزدا ٹرک موٹر سائیکل سواروں کو بچانے کی کوشش کے دوران بے قابو ہوکر الٹ گئے، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔
ڈی ایس پی وڈھ خالد حسین کے مطابق جاں بحق افراد میں دو افراد کا تعلق موسیٰ خیل اور کوئٹہ سے ہے جبکہ دو دیگر افراد آڑینجی وڈھ کے رہائشی تھے۔ زخمیوں میں دو افراد ڈیرہ غازی خان جبکہ ایک شخص کوئٹہ کا رہائشی بتایا گیا ہے۔
حادثے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد کی میتوں اور زخمیوں کو فوری طور پر وڈھ اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے خضدار منتقل کیا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد جاں بحق افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کی جائیں گی۔
آر سی ڈی شاہراہ پر حفاظتی اقدامات کا مطالبہ
علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے آر سی ڈی شاہراہ پر بڑھتے ہوئے حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہ کی فوری مرمت، حادثات کے مقامات پر وارننگ سائن اور اسپیڈ بریکرز کی تنصیب سمیت وڈھ اور گردونواح میں مستقل ایمرجنسی ریسکیو سہولت فراہم کی جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت عطا فرمائے۔ آمین۔