مکہ مکرمہ میں تاریخی پیشرفت پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا اہم بیان جاری
کوئٹہ (خ ن): وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے ایک تاریخی اور انتہائی اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ مکہ مکرمہ کی مقدس سر زمین پر طے پانے والا یہ تاریخی معاہدہ تینوں برادر ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے ہمیشہ اہم رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مشترکہ دفاعی معاہدہ تینوں ممالک کے محفوظ، مستحکم اور خوشحال مستقبل کے عزم کا مظہر ہے جو نہ صرف دفاعی تعاون کو نئی جہت دے گا بلکہ اسٹریٹجک شراکت داری کو بھی نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو تاریخی، برادرانہ اور باہمی احترام پر مبنی قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکیہ بھی پاکستان کا ایک قابلِ اعتماد دوست ملک ہے اور تینوں اسلامی ممالک کا یہ قریبی تعاون مسلم دنیا میں یکجہتی اور مشترکہ مفادات کے فروغ کا باعث بنے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس اہم معاہدے کو ممکن بنانے پر وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کا بالخصوص شکریہ ادا کیا اور ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قومی مفادات اور خطے کے امن کو مدنظر رکھتے ہوئے اس اہم پیشرفت کو آگے بڑھایا۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس تاریخی معاہدے کو پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور پوری مسلم امہ کے لیے خیر و برکت، ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنائے۔