کوئٹہ،شہریوں کے لیے بڑی راحت، امداد چوک ایف سی چیک پوسٹ پر ہائی کورٹ برہم، فوری ایکشن کا حکم
بلوچستان ہائیکورٹ نے کوئٹہ کے گنجان علاقے امداد چوک کے قریب قائم ایف سی چیک پوسٹ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے شہریوں کے لیے عذاب اور ٹریفک کی روانی میں مستقل رکاوٹ قرار دے دیا ہے۔
عدالتِ عالیہ نے نشاندہی کی کہ اس چیک پوسٹ کی وجہ سے خصوصاً اسکول اور دفتری اوقات میں شہریوں اور گاڑیوں کو شدید مشکلات و تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
اس صورتحال پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے بلوچستان ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل، ایڈیشنل اٹارنی جنرل، چیف سیکرٹری بلوچستان اور محکمہ داخلہ کو سخت ہدایت جاری کی ہے کہ وہ یہ معاملہ فوری طور پر متعلقہ ایف سی حکام کے سامنے اٹھائیں اور ٹریفک کی روانی کو بلا تعطل یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔