صرف 48 گھنٹوں میں دبئی کا ویزا حاصل کریں، نئی فیس اور طریقہ کار سامنے آ گیا
دبئی: متحدہ عرب امارات کی حکومت نے سفر کو مزید آسان بنانے اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے مخصوص ممالک کے مسافروں کے لیے ‘ویزا آن ارائیول’ کی نئی شرائط کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف آئیڈینٹیٹی اینڈ فارنرز افیئرز (GDRFA) کے مطابق اہل مسافر اب امارات پہنچنے پر 14 یا 60 دن کا ویزا حاصل کر سکیں گے۔
اس سہولت سے بھارت، انڈونیشیا، ویتنام، تھائی لینڈ، فلپائن، کینیا اور جنوبی افریقہ کے شہری اپنے اہل خانہ کے ساتھ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ مسافر کے پاس عام پاسپورٹ کے ساتھ امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جاپان، جنوبی کوریا یا سنگاپور کا کارآمد رہائشی پرمٹ یا ویزا موجود ہو۔
اہم شرائط اور تفصیلات:
پاسپورٹ اور تصاویر: پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 6 ماہ ہونی چاہیے اور ساتھ سفید پس منظر والی حالیہ تصویر لازمی ہو گی۔
14 روزہ ویزا: اس ویزے کی فیس 172.50 درہم مقرر کی گئی ہے، اور اسے ضرورت پڑنے پر مزید 14 دن کے لیے بڑھایا جا سکتا ہے۔
60 روزہ ویزا: اس کی فیس 422.50 درہم ہے، لیکن یہ ویزا ناقابلِ توسیع ہو گا۔
درخواست دینے کا طریقہ:
مسافر GDRFA کی آفیشل ویب سائٹ یا سمارٹ ایپ کے ذریعے آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔ بیشتر درخواستوں پر 48 گھنٹوں کے اندر عملدرآمد مکمل کر کے ویزا ای میل پر بھیج دیا جاتا ہے۔
۔ ادارے کی رپورٹ کے مطابق 2026 کے ابتدائی چھ ماہ میں ہی اس پروگرام کے تحت 73 ہزار 551 سے زائد ویزے جاری کیے جا چکے ہیں، جو اس سہولت کی کامیابی کی واضح دلیل ہے۔